نئی دہلی 10 اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) می ٹو مہم میں مرکزی وزیر ایم جے اکبر پر الزامات لگنے پر کانگریس نے بدھ کو مطالبہ کیا کہ اکبر صفائی پیش کریں یا پھر اپنے عہدہ سے استعفی دیں ۔ پارٹی کے سینئر ترجمان ایس جے پال ریڈی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ایم جے اکبر کو اطمینان بخش صفائی پیش کرنی چاہئے یا پھر استعفی دیدینا چاہئے ۔ اب ان کےساتھ کام کرچکی سینئر جرنلسٹوں نے الزام لگایا ہے تو پھر وہ عہدہ پر کیسے برقرار رہ سکتے ہیں ۔
ریڈی نے کہا کہ ہم الزامات کی جانچ کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ اگر جسٹس کواناہ سے وضاحت طلب کی جاسکتی ہے تو ایم جے اکبر سے کیوں نہیں ، جنہوں نے مبینہ طور پر اپنی زندگی میں کواناہ سے زیادہ کچھ کیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ ریڈی نے اس معاملہ پر وزیر خارجہ سشما سوراج کی خاموشی پر بھی سوال کھڑا کیا ۔ ریڈی نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری سے بچ رہی ہیں اور اس پر تبصرہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔
پارٹی کی ایک اور ترجمان پرینکا چترویدی نے کہا کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک خاتون ہوتے ہوئے بھی سشما سوراج جی کچھ نہیں بول رہی ہیں، ان کو اس سلسلہ میں بولنا چاہئے۔وہیں بی جے پی لیڈر ادت راج کے متنازع بیان پر پرینکا نے کہا کہ ادت راج کا بیان شرمناک اور قابل مذمت ہے ۔ بی جے پی ممبر پارلیمنٹ کو ملک کی خواتین سے معافی مانگنی چاہئے ۔